فیصل آباد(نیوز رپورٹر ) وزارت مواصلات نے ڈاکخانوں کی مرمت کیلئے چیف پوسٹ ماسٹرز کو معروف شخصیات ، تاجروں اور فلاحی کام کرنے والے اداروں ، تنظیموں اور این جی اوزسے رابطہ کرکے ان سے مالی امداد حاصل کرنے کی ہدایت کردی ۔ذرائع کے مطابق وزارت مواصلات کی جانب سے پوسٹ ماسٹر وں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کو رپیئر اور مین ٹینینس کی مد میں بہت کم فنڈز دئے جاتے ہیں اور فنڈز کی قلت کے باعث ڈیپارٹمنٹ کے پاس یہ اہلیت نہیں کہ پوسٹ آفس کی مرمت اورٹوٹ پھوٹ اپنے وسائل سے کرسکے ،اس وجہ سے پوسٹ آفس کے دفاتر کی بڑی تعداد صفائی ستھرائی اور ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے قابل رحم حالت میں تبدیل ہوتی جارہی ہے ۔مذکورہ ہدایات کے مطابق چیف پوسٹ ماسٹر کی جانب سے فیصل آباد کے معروف تاجروں ، صنعتکاروں کو تحریر کیا گیا ہے کہ وفاقی وزیر کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ٹوٹ پھوٹ اور مرمت کے لئے ڈیپارٹمنٹ سے اخراجات لینے کی بجائے معروف تاجروں ، شخصیات ، فلاحی کام کرنے والے اداروں ، این جی اوز وغیرہ سے امدادحاصل کرکے پوسٹ آفسز کی مرمت اور تزئین وآرائش کروائی جائے تاکہ اس میں سرکاری فنڈز بھی استعمال نہ ہوں اور امداد کرنے والے افراد کی نیک نامی بھی ہوجائے ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ چند ایک معروف شخصیات سے مالی امداد حاصل کرنے کے لئے تحریر کی جانے والی درخواستوں کے جواب میں اب تک پوسٹ آفسز کی مرمت اور تزئین وآرائش کے لئے حامی نہیں بھری گئی ۔