نیویارک،جنیوا (نیوزایجنسیاں ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپیل کی ہے کہ کورونا کے پیش نظر نافذلاک ڈاؤن کے دوران خواتین پر گھریلو تشدد نہ کیاجائے اور دنیا کے تمام ممالک کے عوام گھروں میں امن سے رہیں۔گزشتہ روز اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ امن صرف جنگ کی عدم موجودگی نہیں، لاک ڈاؤن میں خواتین کو گھروں میں تشدد کا سامنا ہے ،لہٰذا تمام ممالک کولاک ڈاؤن کے دوران خواتین کا اپنے گھروں میں تحفظ یقینی بنانا چاہئے ۔علاوہ ازیں ٹیلیفون پر میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انتونیو وتریس نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے مضبوط تر عالمی تعاون کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کورونا کی عالمی وبا دوسری جنگ عظیم کے بعد انسانیت کو درپیش بد ترین چیلنج ہے ، اسکے باعث کئی افراد مر رہے ہیں اور معیشتیں تباہ ہو رہی ہیں۔ ترقی پذیر ملک جن کے طبی نظام ناکافی ہیں انہیں مدد کی ضرورت ہے ۔اقوام متحدہ کو ترقی پذیر اور متحارب ملکوں کی مدد کیساتھ ساتھ پناہ گزین کیمپوں میں کوروناپر قابو پانے کیلئے 2 ارب ڈالر جمع کرنے کی توقع ہے ۔