لاہور،اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی،لیڈی رپورٹر، اپنے نیوزرپورٹر سے )اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامرفاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے نیب کی جانب سے اکرم درانی کی درخواست ضمانت فوری نمٹانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے نئے انکوائری افسرسے رپورٹ طلب کرلی جبکہ دوران سماعت جسٹس عامر فاروق کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے بنچ سے علیحدہ ہوگئے جس پر اب آئندہ سماعت پر نیا بنچ تشکیل دیا جائیگا۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اکرم درانی نے کہاکہ نیب سیاسی لوگوں کو دباؤمیں لانے کیلئے استعمال ہورہا ہے ،صحافت اور سیاست پر پابندی ہوگی تو پھر یہ لاوا پھٹ جائے گا۔ادھر لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی حاضری سے معافی کی درخواست منظور کر لی۔علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردارنعیم کی سربراہی میں قائم دورکنی بینچ نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی دو مختلف کیسز میں درخواست ضمانت پر سماعت 13اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے نیب کے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرلیا۔دریں اثنا احتساب عدالت نے سابق ایس ایس پی سیدجنید ارشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 اپریل تک توسیع کردی ۔