مظفر آباد( نیٹ نیوز ،صباح نیوز ) آزادکشمیر ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد تبسم آفتاب علوی کو عہدے سے فارغ کردیا گیا۔ریفری جج جسٹس اظہر سلیم بابرنے آزاد کشمیر ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ایم تبسم آفتاب علوی کی تقرری کے خلاف کیس کی سماعت کی، ریفری جج جسٹس اظہر سلیم بابرنے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے ایم تبسم آفتاب علوی کی تقرری کالعدم قرار دے دی۔ تبسم آفتاب علوی کی تقرری کو ریاستی سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے معاملہ ہائیکورٹ کو ریفر کردیا، ہائیکورٹ میں دو رکنی بنچ کے ایک جج نے چیف جسٹس کو فارغ کرنے اوردوسرے نے برقرار رکھنے کا فیصلہ دیا تھا، تنازع پیدا ہونے پر جسٹس اظہر سلیم بابر کو ریفری جج بنا یا گیا تھا، ریفری جج نے اپنے فیصلے میں چیف جسٹس کو برطرف کرنے کا حکم سنایا،انہوں نے فیصلہ میں قرار دیا کہ مسٹر علوی کے بطور جج اور بطور چیف جسٹس کئے گئے تمام فیصلوں کو تحفظ حاصل رہے گا تاہم وہ پنشن ، مراعات کے حقدار نہیں ہونگے اور نام کے ساتھ سابق جج یا چیف جسٹس بھی نہیں لکھ سکیں گے ،آفتاب علوی نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ۔