لاہور( نامہ نگار خصوصی )قومی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنے کیس کی پیروی کے لیے خود پیش ہونے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی ہے ۔یہ درخواست ایڈووکیٹ مدثر چوہدری اور مرزا حسیب اسامہ کی وساطت سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار گورنمنٹ کالجز اور یونیورسٹیوں میں لیکچرردینا چاہتا ہے ۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے موقف اختیار کیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں نظر بندی اور نقل و حرکت پر پابندی کے خلاف درخواست زیر سماعت ہے ، اس سلسلے میں اپنے کیس کی پیروی کے لیے خود ہائیکورٹ میں پیش ہونا چاہتا ہوں۔ درخواست گزارنے استدعا کی ہے کہ عدالت کیس کی پیروی کے لیے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی اجازت دے اور نظر بندی ختم کرکے نقل وحرکت کی اجازت دے ۔ درخواست کی سماعت 24 جون کو ہو گی۔