لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی نے 14 ویں عالمی کپ ٹورنامنٹ کے لیے 18 رکنی قومی ٹیم سکواڈکا اعلان کر دیا ہے ۔ رضوان سینئر ٹیم کے کپتان برقرار جبکہ عماد شکیل بٹ ٹیم کے نائب کپتان ہونگے ، چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ کھلاڑی باصلاحیت ہیں ٹیم میڈل جیتے گی، فیڈریشن کے صدر سجاد کھوکھر کا کہنا ہے کہ مشکل حالات میں ٹیم بھیج رہے ہیں، امید ہے ٹیم میڈل میگا ایونٹ میں بہتر کھیل سے کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر لے گی۔ پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی نے تربیتی کیمپ میں شامل 25 کھلاڑیوں کا دو روزتک ٹرائلز میں جائزہ لیا اور سکواڈ کاا نتخاب کیا جس کی منظوری صدر سجاد کھوکھر نے دی۔ ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والے قومی ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی گئی۔ رضوان جونیئر کو ڈراپ کر کے راشد محمود کو ٹیم کا حصہ بنایا گیاہے ۔ چیف سلیکٹر اصلاح الدین نے ٹیم کا اعلان کیا جن کے مطابق 18 رکنی سکواڈ میں عمران بٹ، مظہر عباس، عرفان سینئر، مبشر علی، علیم بلال، فیصل قادر، عماد شکیل بٹ (نائب کپتان)، توثیق ارشد، راشد محمود، تصور عباس، اعجاز احمد، عمر بھٹہ، عرفان جونیئر، رضوان سینئر (کپتان)، علی شان، ابوبکر، عتیق ارشد اور محمد زبیر شامل ہیں۔چیف اصلاح الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ ٹیم کی بھارت روانگی تک تربیتی کیمپ لاہور میں جاری رہے گا۔ امید ہے گرین شرٹس ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھائیگی۔