واشنگٹن( نیوزایجنسیاں )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث آئندہ دو ہفتے امریکی شہریوں کیلئے بہت زیادہ درد ناک ثابت ہوں گے ۔وائٹ ہاؤس میں بریفنگ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا نظر نہ آنے والے دشمن کی وجہ سے امریکہ میں اس طرح کی اموات ناقابل یقین ہیں۔امریکی عوام مشکل دنوں کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کسی بھی حوالے سے منفی سوچنا بہت ہی آسان ہے لیکن میں عوام کو امید دلاتا ہوں کہ ہمارے پاس اس سے نجات حاصل کرنے کا پورا موقع بھی ہے ۔ ماہرین نے وبا سے 22 لاکھ تک امریکیوں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا تھا، کورونا کے باعث جو صورتحال چل رہی تھی اس سے ہر جگہ پر لوگ مر رہے ہوتے لیکن میری گائیڈ لائن کی وجہ سے اس میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ آپ لوگ جہازوں اور ہوٹل کی لابیز میں لوگوں کر مرتا دیکھ رہے ہوتے ، اس ماڈل کے اعتبار سے 10 لاکھ تو بہت چھوٹا نمبر ہے ۔امریکی صدر نے کورونا کے باعث 2 لاکھ تک اموات کا خدشہ ظاہر کیا تھا جب کہ وائٹ ہاوس نے وائرس سے امریکہ میں ڈھائی لاکھ تک اموات کا اشارہ دیا ہے ۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر لوگوں کو سکارف پہننے کا مشورہ دیدیا۔امریکہ میں کورونا وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور تمام 50 ریاستوں میں ابتک اپنے قدم رکھ چکا ہے جس کی وجہ سے وہاں فیس ماسکس، سینی ٹائزرز، وینٹی لیٹرز اور دیگر طبی آلات کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔اس صورتحال کے پیش نظر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ چاہیں تو وائرس سے بچنے کیلئے سکارف بھی پہن سکتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا آپ ماسک خرید سکتے ہیں لیکن بہت سے لوگوں کے پاس سکارف ہوں گے اور آپ ماسک کی جگہ ان سکارف کو بھی پہن سکتے ہیں۔