اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کااقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حادی سلیمان پور سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور تنظیم کے طے شدہ، اہداف کے حصول میں درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود نے کہاکہ ای سی اوکشمیر یوں کو مظالم سے بچانے کیلئے آگے آئے ۔وزیر خارجہ نے کورونا وبا کے معاشی مضمرات سے نمٹنے اور ترقی پذیر ممالک کی کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے ، وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے عالمی سطح پر دی گئی، "ڈیٹ ریلیف" تجویز کے خدوخال سے آگاہ کیا اور اس ضمن میں مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دریں اثناء وزیر خارجہ نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دو طرفہ، علاقائی و اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، چین کی "ون چائینہ پالیسی اور ہانگ کانگ، تبت، تائیوان اور شنکیانگ کے حوالے سے چین کے موقف کی مکمل حمایت کرتا ہے ۔وزیر خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین اہم علاقائی و عالمی امور پر مشاورت جاری رکھنے اور اس ضمن میں جلد بالمشافہ ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔