اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کورونا وائرس کی صورتحال کے عرصے میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور افغانستان کیلئے درآمدی مال پر ڈیمرج کے خاتمے کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔گزشتہ روزاقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں ساحلی علاقوں میں سروے کے ضمن میں وزارت دفاع کیلئے 10 کروڑ 94 لاکھ 70 ہزار روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی ، یہ رقم وزارت میری ٹائم افیئرز نے سرنڈر کی ہے ،پاکستان آرمی نے سروے میں معاونت کی پیشکش کی تھی۔ اجلاس میں وزارت میری ٹائم افیئرز کی جانب سے افغان ٹرانزٹ کارگو اور افغانستان جانے والے کنٹینرز کیلئے ڈیمرج ختم کرنے کی سمری پیش کی گئی۔ قبل ازیں حکومت نے 22 مارچ سے لے کر 30 ستمبر 2020تک کی مدت میں کورونا وباکے تناظر میں افغان ٹرانزٹ کیلئے 75 فیصد ڈیمرج ختم کرنے کے ضمن میں ٹرمینل آپریٹر کو ہدایت جاری کرنے کافیصلہ کیا تھا، اس میں افغان ٹرانزٹ اور افغانستان کیلئے درآمد کنندگان سے حاصل کردہ ڈیمرج چارجز کی وصولی بھی شامل ہے ۔ میری ٹائم افیئرز کے وزیر نے ٹرمینل آپریٹر کو 5اکتوبر 2020 سے قبل 75 فیصد ڈیمرج معاف کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ ٹرمینل آپریٹر نے وزارت کی درخواست پر عملدرآمد کرنے سے معذرت کی تھی اور یہ معاملہ ای سی سی کے اجلاس میں لایا گیا تھا۔ ای سی سی نے ہدایت کی کہ ٹرمینل آپریٹرز کے ساتھ کمیٹی بات چیت کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ معاملے کا خوش اسلوبی سے حل نکالا جاسکے ۔ اجلاس میں ٹیلی کام سیکٹر کو بعض ٹیکسوں کی معافی کی صورت میں سہولیات فراہم کرنے کے ضمن میں تجاویزکیلئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیرادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، وزیرصنعت حماد اظہر اور مشیرتجارت عبدالرزاق دائود پر مشتمل ذیلی کمیٹی قائم کی گئی جوتجاویزاور سفارشات میں بہتری لائے گی۔ ای سی سی نے وزارت توانائی کی سمری پر سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کو رحمٰن ویل سے 38 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مختص کرنے کی منظوری دی تاہم اس کیلئے ضابطہ جاتی منظوری کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ گیس کی قیمت کا تعین پٹرولیم پالیسی کے مطابق ہو گا۔ ای سی سی نے تاوانیر ایران کے ساتھ 104 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے معاہدہ کی تجدید کی منظوری بھی دی تاہم وزارت قانون کے جائزے سے اس کو مشروط کر دیا گیا ہے ۔ وزارت قانون سے منظوری کی صورت میں یہ معاہدہ 31 دسمبر 2021 تک نافذ العمل رہے گا۔