اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر،این این آئی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم کو رونا ریلیف پیکیج پالیسی کمیٹی قائم کر دی، پالیسی کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم عمران خان کر ینگے ۔ کورونا وائرس کے تناظر میں وزیراعظم کے ریلیف فنڈ2020کو منظم اورآپریٹ کرنے کیلئے پالیسی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دیدی گئی ۔ ای سی سی کا اجلاس وزیراعطم کے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی صدارت میں ہوا۔ ای سی سی نے جی 20ممالک سے قرضوں میں ریلیف کا معاہدہ کرنے کی بھی منظوری دیدی۔ای سی سی اعلامیے کے مطابق جی20 ممالک سے پاکستان کو قرضوں کی ادائیگی میں 2 ارب ڈالر سے زیادہ ریلیف ملنے کا امکان ہے ۔اقتصادی امور ڈویژن پیرس کلب اور جی 20 ممالک سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریگا۔ حفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان کمرشل قرضوں کو موخر کرانے کا ارادہ نہیں رکھتا ، ای سی سی نے سپریم کورٹ کی عمارت کی مرمت کیلئے 36کروڑ5 لاکھ روپے کی تکنیکی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی ،ای سی سی نے توانائی کے شعبے کے قرضوں سے متعلق معاملات کیلئے مشیر امور ادارہ جاتی اصلاحات کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی ،ای سی سی نے پاکستان انرجی سکوک بانڈ -ٹو کے 6 ماہ کی مدت کیلئے سود کی ادائیگی کیلئے ریلیف پیکیج میں سے 10ارب روپے کے فنڈز مختص کرنیکی منظوری دی،ای سی سی نے ریونیو ڈویژن کی سفارش پر کسٹم ایکٹ 1969کے سکشن9 کے تحت این ایل سی جیا باگا ٹرانزٹ پورٹ بطور ملٹی ماڈل ٹرانز ٹ مرکزکسٹم کلیرنس پورٹ کی منظوری دے دی ، پاور جنریشن کمپنیز کے کیپسٹی چارجز مین کے لیے ای سی سی نے آئی پی پیز اور جنکوز کے ساتھ مذاکرات کیلئے ٹی او آرز کی منظوری دیدی۔ سمارٹ فونز مینوفیکچررز کو مراعات دینے کیلئے جامع پالیسی تشکیل دینے کیلئے وفاقی وزیر صنعت وپیداوار حماداظہر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی گئی،کمیٹی کے دیگر ممبران میں وزارت آئی ٹی ، سرمایہ کاری بورڈ اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ سے بھی نمائندگان شامل ہونگے ، کمیٹی تمام متعلقہ سٹیک ہولڈز کی مشاورت سے تجاویز تیار کریگی ، ای سی سی نے وفاقی وزیر حماد اظہر کو رمضان ریلیف پیکیج ، سبسڈیز اور یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے 50ارب روپے کے ریلیف پیکیج کے موثر استعمال کی نگرانی کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ کیلئے 3 ارب روپے کی ترقیاتی سکیمیں شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔دوسری جانب وزرات تجارت کی جانب سے نئی 5 سالہ تجارتی پالیسی کا مسودہ تیارکر لیا گیا۔وزارت تجارت حکام کے مطابق 5 سالہ تجارتی پالیسی آخری مراحل میں ہے جو پہلے ای سی سی سے منظور کی جائیگی جس کے بعد اسے کابینہ میں پیش کیا جائیگا۔ نئی تجارتی پالیسی میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا گیا ۔ مجوزہ تجارتی پالیسی کے تحت 21-2020 میں برآمدات 26 ارب ڈالرز اور 22-2021 میں برآمدات 31 ارب ڈالرز تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ۔ حکام کے مطابق 23-2022 میں برآمدا ت کا ہدف 35 ارب ڈالرز، 2024 میں 40 ارب ڈالرز اور 2025 میں برآمدات 46 ارب ڈالرز تک سالانہ لے جانیکا منصوبہ ہے ،اسکے علاوہ وزارت تجارت حکام نے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تجارتی پالیسی پر عملدرآمد کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویزبھی دی ہے ۔