اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے صنعتی صارفین کیلئے بجلی استعمال کرنے کی اوقات کی بنیادپرٹیرف سکیم کے خاتمہ کی منظوری دیدی ۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس جمعرات کویہاں وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ہوا۔اجلاس میں وزیرنجکاری محمد میاں سومرو، وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیار، وزیرریلویز شیخ رشید احمد، مشیرتجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی ریونیوڈاکٹروقارمسعود، معاون خصوصی برائے پاورتابش گوہر، اوروزیراعظم کے مشیربرائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹرعشرت حسین نے شرکت کی۔سٹیٹ بینک کے گورنرویڈیولنک کے ذریعہ اجلاس میں شریک ہوئے ۔اجلاس میں پاورڈویژن کی جانب سے صنعتی صارفین کیلئے بجلی استعمال کرنے کی اوقات کی بنیادپرٹیرف سکیم کے خاتمہ کا کیس پیش کیا جس کامقصدکورونا وائرس کی وبا کے دنوں میں بجلی کے پیک اوراپ پیک اورز کے درمیان امتیازختم کرکے صنعتی شعبہ کی معاونت کے پیکج کے تحت صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے ۔ اس کا ایک اورمقصد مشکل وقت میں صنعتی یونٹوں کومسلسل چلانے کیلئے ترغیب دینا ہے ۔ای سی سی نے صنعتی صارفین کیلئے بجلی استعمال کرنے کی اوقات کی بنیادپرٹیرف سکیم کے خاتمہ اوراس ضمن میں واپڈا،ڈسکوز اورکے الیکٹرک کیلئے متعلقہ ایس آراوز میں ترمیم کرنے کی منظوری دیدی کے تحت صنعتی صارفین پیک آورز میں اپ پیک کی شرح سے ٹیرف اداکریں گے ۔پیک اوراپ پیک آورز ٹیرف کے خاتمہ کا اطلاق یکم نومبر2020 سے 30 اپریل 2021 تک کی مدت کیلئے ہوگا۔