اسلام آباد (وقائع نگار، 92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سٹیل ملز کے 9 ہزار 350 ملازمین سے گولڈن شیک ہینڈ کی منظوری دیدی ہے ۔مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ9350 ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دے کر ایک ماہ کے نوٹس پر فارغ کیا جا ئیگا،جس کیلئے 18 ارب روپے کی منظوری دیدی گئی ۔فارغ ہونے والے ہر ملازم کو کم و بیش 23 لاکھ معاوضہ دیا جائیگا، کچھ ملازمین پلان پر عملدرآمد کیلئے 3ماہ تک کام کرتے رہیں گے ۔ ذرائع ای سی سی کے مطابق ملازمین کوگولڈن شیک ہینڈدینے کے منصوبے کی سپریم کورٹ سے منظوری لی جائیگی،سپریم کورٹ کراچی رجسٹری اس سلسلے میں پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے ۔ ای سی سی نے مشرف دور میں سیاستدانوں کے بیرون ملک اثاثے ڈھونڈنے والی کمپنی کو ساڑھے 4 ارب روپے ادائیگی،ویسٹرن بارڈر مینجمنٹ کیلئے 8 ارب 84 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ کی بھی منظور ی دی جو سول آرمڈ فورسز کی استعداد کار بہتر بنانے پر خرچ کی جا ئیگی ۔ ایف بی آر کیلئے 20 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ کمیٹی نے مختلف محکموں کیلئے 12 سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دی ۔مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے برہمی کااظہار کیا۔ اعلامیہ وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی نے متعلقہ اداروں کوپٹرولیم مصنوعات کاسٹاک پورارکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سٹاک کوسختی سے مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ۔ ای سی سی نے پٹرولیم مصنوعات کی پیشگی خریداری کیلئے کمیٹی بھی قائم کردی جس کی سربراہی معاون خصوصی ندیم بابرکر ینگے ۔کمیٹی ایک سے 2سال کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی پیشگی خریداری کی تجاویزتیارکریگی ۔پی ایس او کاؤنٹر پارٹی ہوگی جبکہ وزارت خزانہ گارنٹیزفراہم کر یگی ،اوگراایل این جی اورپٹرولیم مصنوعات کی ماہانہ قیمت سے متعلق گائیڈ لائنز فراہم کر یگا۔ای سی سی نے آئی پی پیزکو 23ارب روپے کی ادائیگیاں جاری کرنے کی منظوری بھی دیدی ،آئی پی پیزکے ساتھ معاملات کوایک ہفتے میں حل کرلیا جا ئیگا۔