اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍وقائع نگار) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومت ڈیجیٹل پالیسی کے تحت پاکستان کی آئی سی ٹی انڈسٹری کا حجم آئندہ چند سالوں کے دوران 20 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں وزیر اعظم آفس میں ملٹی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کمپنی وی آن کے چیف آپریشنز آفیسر سرگی ہیریرو سے ملاقات میں کیا ، جاز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم بھی ان کے ہمراہ تھے ۔عمران خان نے وی آن کی پاکستان کے ساتھ طویل وابستگی کو سراہا، کمپنی نے پاکستان میں 9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور 6 کروڑ صارفین کو خدمات فراہم کر رہی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان میں مواصلات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت کاروبار کو آسان بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور اس نے آزاد سرمایہ کاری پالیسی اختیار کی ہے جس کو بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی طرف سے سراہا جا رہا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا موجودہ حکومت نے ڈیجیٹل پاکستان کا منصوبہ شروع کیا جس کا مقصد نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے تاکہ وہ آزادانہ طور پر کام کرکے ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا کردار بھرپور طریقہ ادا کر سکیں۔ کمپنی کے چیف آپریشنز آفیسر سرگی ہیریرو نے حکومت کی طرف سے ٹیلی کام کمپنیوں کو کام کرنے کا مسابقتی اور شفاف ماحول فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا جاز پاکستان نے انٹرنیٹ سب کیلئے کی مہم شروع کی ہے جس کے تحت سوشل میڈیا، جاز کیش اور وزیراعظم سٹیزن پورٹل کیلئے قابل استطاعت موبائل فون اور انٹرنیٹ کی رسائی فراہم کی جا رہی ہے ۔ سرگی ہیریرو نے حکومت کی طرف سے جعلی خبروں کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جعلی خبروں کے ذریعے غیر یقینی صورتحال اور خوف و ہراس پیدا کرنا سرمایہ کاری کیلئے تباہ کن ہے ۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی سردار محمد خان لغاری اور غوث بخش مہر نے بھی ملاقات کی۔