اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے جی ایچ کیو کی تجویز پرکرتارپور راہداری کے تحفظ کیلئے پاکستان رینجرز کے فرسٹ سپیشل ونگ کے قیام کیلئے 300 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی ۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس نے صحرائی ٹڈی دل کے حملے کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کی تجویز پر 459.5 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک کے 9 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہیں ، اب تک ایک لاکھ 70 ہزار ایکٹر اراضی کو ٹڈی دل سے پاک کر دیا گیا ہے ۔ ای سی سی نے آئندہ اجلاس میں ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔ ای سی سی نے پاکستان سنگل ونڈو بل 2019ء کے نفاذ کی منظوری دی جو کابینہ میں پیش کی جائے گی۔ اس بل کے نفاذ سے کاروبار کو فروغ ملے گا کیونکہ تجارت، کاروبار و ٹرانسپورٹ کے تمام فریق معیاری معلومات اور دستاویزات سنگل انٹری پوائنٹ سے حاصل کر سکیں گے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر کے کسٹم ونگ نے بین الاقوامی ماہرین کی مدد سے این ایس ڈبلیو روڈ میپ اور اطلاقی فریم ورک کو ڈویلپ کیا ہے ۔، یہ منصوبہ دسمبر 2021ء تک مکمل ہو گا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے انٹر سٹیٹ گیس سسٹم پرائیویٹ لمیٹڈ کیلئے گیس ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کو فنڈنگ کی سہولت مزید دو سال تک جاری رکھنے کی منظوری دی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آئین کے آرٹیکل 156 کے تقاضوں کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کی سالانہ رپورٹ کابینہ کے سامنے پیش کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا کے تیل و گیس پیدا کرنے والے اضلاع میں گیس نیٹ ورک کی توسیع اور بحالی کی تجویز (فیز ون) کی بھی منظوری دی گئی ۔