اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،وقائع نگار) مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ عام پاکستانیوں کوفائدہ پہنچانا وزیراعظم عمران خان کاوژن ہے ، عام شہری حکومتی پالیسی کامحورہے ۔ کامیاب جون پروگرام کیلئے جتنے بھی فنڈز درکارہوں گے حکومت وہ فراہم کریگی،حکومت نے کامیاب جوان پروگرام میں قرضوں کی حد کو 50 لاکھ سے بڑھا کر اڑھائی کروڑ روپے کر دیا ۔سکیم کیلئے بینکوں کی تعداد3 سے بڑھا کر21 کردی گئی ہے ، بدھ کویہاں معاون خصوصی عثمان ڈار او رسیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اب تک پروگرام کے تحت 2190 افراد کوایک ارب روپے سے زائد کے قرضے دیئے گئے ہیں، ساڑھے 7 ہزاردرخواستوں کی منظوری دی گئی ہے اورآئندہ دوتین ماہ میں درخواست گزاروں کو 5 ارب روپے سے زائد کے قرضے دئیے جا ئینگے ،اس سے ملک میں 50 ہزارملازمتیں پیداہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ سکیم کے تحت کوئی بھی نوجوان کامیاب جوان پروگرام کی ویب سائٹ پراپلائی کرسکتاہے ۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ ان اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ، مالی سال کے پہلے ماہ میں دوارب ڈالرکی برآمدات ہوئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 6 فیصدزیادہ ہے ۔ ان اشاریوں سے واضح ہورہاہے کہ پاکستان کی اندرونی معیشت میں تیزرفتاری آرہی ہے ۔ بلوم برگ نے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کو دنیائمیں تیز رفتارترقی کرنے والی دوسری سٹاک مارکیٹ قرار دیا، اسی طرح کریڈٹ ریٹنگ کے بین الاقوامی ادارہ موڈیز نے پاکستان کی معاشی پیش منظرکومستحکم قراردیاہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ اس پروگرام سے 10 لاکھ نوجوان کو روزگار حاصل ہوگا۔ قبل ازیں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کے روزویلٹ ہوٹل کیلئے 10 کروڑ 50 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری د یدی ۔سارک کویڈ 19 ایمرجنسی فنڈز کیلئے اضافی 3 ملین ڈالرز کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ای سی سی نے کورونا سے متعلق 540 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی، اجلاس میں 5 کروڑ روپے تک کے ری فنڈز کیلئے 40 ارب روپے کی فراہمی کی سمری منظور کی گئی۔