اسلام آباد(وقائع نگار،این این آئی)ای سی سی اجلاس میں دینی مدارس کیلئے 9 کروڑ 61 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹس منظورکرلی گئی۔ بدھ کو مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزارت تعلیم اور پروفیشنل ٹریننگ نے دینی مدارس کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ سمری پیش کی، دینی مدارس کیلئے 9 کروڑ 61 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ منظورکرلی۔اجلاس میں معذور افراد کی سکیم کے تحت گاڑیوں کی کسٹمز ڈیوٹی فری درآمد کے قانون میں ترمیم پر غور کیا گیا، ای سی سی نے معذور افراد کیلئے ٹیکس فری گاڑی درآمد کی حد بڑھادی۔جس کے تحت 1500 سی سی تک گاڑی ڈیوٹی فری درآمد کی جا سکے گی، معذور افراد ایک گاڑی درآمد کر سکیں گے جبکہ گزشتہ10سال میں گاڑی نہ خریدنے والے اس سہولت سے فائدہ حاصل کرسکیں گے ۔ ترمیم کے تحت معذورافراد کی آمدن کی حد بڑھا کر 2لاکھ ماہانہ تک کردی گئی، پہلے ڈیوٹی فری گاڑی کیلئے معذور افراد کی آمدن کی حد 20 ہزار سے ایک لاکھ ماہانہ تک تھی۔ای سی سی نے ریلوے کے اخرا جات کیلئے 6 ارب روپے کی منظوری بھی دی۔ ’’سب کیلئے ہنر‘‘ پروگرام کیلئے 16 کروڑ کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ این سی او سی کیلئے 21 کروڑ 90 لاکھ کی گرانٹ سمیت رولنگ سپیکٹرم سٹریٹجی 2020-23 کے اجراء اور پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کے قیام اور ڈائریکٹرز کی منظوری دے دی گئی جبکہ گندم کی درآمد کا معاملہ مزید غور کیلئے مؤخر کردیا گیا۔