اسلام آباد،فیصل آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ویلیوایڈڈانڈسٹری کو کاٹن اورسوتی دھاگہ کی بلاتعطل فراہمی ممکن بنانے کیلئے سوتی دھاگاکی درآمد دپرکسٹم ڈیوٹی واپس لینے کی سمری کی منظوری دیدی ہے ۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس بدھ کو یہاں وفاقی وزیرخزانہ، محصولات، وصنعت و پیداوار محمدحماداظہرکی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسدعمر، محمدمیاں سومرو، علی حیدرزیدی، عمرایوب خان، سیدفخرامام، معاونین خصوصی ڈاکٹروقارمسعود، تابش گوہر،وفاقی سیکرٹریز،صوبائی حکومتوں کے نمائندوں، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اوردیگرسینئرافسران نے شرکت کی۔ گورنرسٹیٹ بینک رضا باقرنے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیا۔اجلاس میں پاورڈویزن کی جانب سے سرکاری شعبہ کے آرایل این جی کی بنیادپرچلنے والے پاورپلانٹس قائداعظم تھرمل پاورپلانٹ، بلوکی پاورپلانٹ اورحویلی بہادرشاہ پاورپلانٹ کیلئے پاورپرچیز ایگری مینٹ اورگیس سپلائی ایگری منٹ میں 66 فیصد ٹیک آر پے کمٹمنٹ کے استثنیٰ سے متعلق سمری کی منظوری دیدی۔اجلاس میں پاورڈو یژن کی جانب سے کیپکو کے ساتھ حکومت پاکستان کی گارنٹی اورفیسلیٹیشن معاہدہ میں ترامیم کی سمری پیش کی گئی، مجوزہ ترامیم کے مطابق یہ پراجیکٹ نجکاری کمیشن سے نکال کرپرائیویٹ پاوراینڈانفراسٹرکچربورڈ کو دینے کی تجویز دی گئی ہے ۔ سمری پرگفت وشنید کے بعد کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت قانون کی موزونیت سے اس کی مشروط منظوری دی ۔دوسری جانب دھاگہ بحران سے دوچارٹیکسٹائل سیکٹرکیلئے اچھی خبر بھی آگئی ہے ۔ای سی سی اجلاس میں کاٹن یارن کی درآمدپر30جون تک کسٹمز ڈیوٹی ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔حتمی منظوری کیلئے سمری کابینہ اجلاس میں بھجوائی جائے گی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پنجاب میں وفاق کی جانب سے زچہ وبچہ کیلئے 4 ہسپتال تعمیرکرنے کی غرض سے وزارت خزانہ کیلئے 11.7 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔