لاہور(نمائندہ خصوصی سے )چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے ہدایت کی ہے کہ ای پروکیورمنٹ منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جدید آن لائن نظام کے ذریعے سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں خریداری کے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنایا جائے گا۔ سول سیکرٹریٹ میں پنجا ب پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کے بورڈ آف مینجمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ پیپرا سرکاری اورنیم سرکاری محکموں میں پروکیورمنٹ میں شفافیت کو یقینی بنائے اور اس سلسلے میں آئی ٹی کے جدید نظام کو بروئے کار لایا جائے ۔ اجلاس میں پیپرا کو مالی طور پر خود مختار ادارہ بنانے اور سروسز کی فراہمی کیلئے فیس مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ پروکیورمنٹ کے حجم کے پیش نظر ہائر ایجوکیشن، توانائی، مواصلات و تعمیرات اور بلدیات کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کو بطور ممبران پیپرا بورڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اجلاس میں محکمہ خزانہ، منصوبہ بندی و ترقیات، آبپاشی کے سیکرٹریز، مینیجنگ ڈائریکٹر پیپرا اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی۔