فیصل آباد( نیوزرپورٹر) وزارت توانائی نے سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق کے بیٹے احمد ایاز صادق کو فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو )کے بورڈآف ڈائریکٹرز سے فارغ کردیا جبکہ سابق وزیر مملکت برائے خزانہ واقتصادی امور رانا محمد افضل خاں کے بیٹے احسان افضل خاں بدستور فیسکو کے بورڈآف ڈائریکٹرز کے ممبر کے طورپر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ رانا احسان افضل خاں اپنے والد سابق وزیر مملکت برائے خزانہ واقتصادی امور رانا افضل کی الیکشن کمپین بھی بھرپورطریقے سے چلارہے ہیں لیکن پوچھنے والا کوئی نہیں ۔حال ہی میں فیسکو کے بورڈآف ڈائریکٹرز کے 178/7 ویں اجلاس کے لئے فیسکو کے کمپنی سیکرٹری کی جانب سے ڈائری نمبری 2644/Secy/P-2 کے تحت بی اوڈی کے اجلاس کے لئے ایجنڈا جاری کیاگیا جس میں ان کو بھی مدعو کیا گیا اور بعد ازاں فیسکو ہیڈ کوارٹرز کے کمیٹی روم میں ہونے والے اجلاس میں شریک ہو کر اہم فیصلہ سازی میں بھی اپنا کرداراداکیا ، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق کے بیٹے احمد ایاز صادق کی تعلیمی قابلیت ، تجربہ ودیگرتفصیلات بھی فیسکو نے عوام کے سامنے رکھنے کی بجائے خفیہ رکھی ہوئی ہیں۔