تہران (این این آئی ) ایرانی پولیس کی مبینہ فائرنگ سے 16افغان مہاجر ہلاک ہو گئے ۔حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کو حادثہ پیش آیا جبکہ عینی شاہدین کے مطابق پولیس کی فائرنگ کی وجہ سے مہاجرین کی گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی ،تمام افراد جل کر مارے گئے ،واقعہ کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی،تفصیلات کے مطابق افغان پناہ گزینوں کی ایک گاڑی میں بھڑکنے والے آگ کے نتیجے میں 16افغان مہاجرین ہلاک ہوگئے ،میڈیارپورٹس کے مطابق تہران میں قائم افغان سفارت خانے نے بتایاکہ ایک المناک ٹریفک حادثے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ، حادثے میں مہاجرین کی گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں گاڑی اور اس میں موجود افراد جل کر خاکستر ہوگئے ۔ دوسری طرف عینی شاہدین نے بتایا کہ افغان مہاجرین کی گاڑی کو حادثہ پیش نہیں آیا بلکہ ایرانی پولیس نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی اور اس میں سوار متعدد افراد ہلاک ہوگئے ۔ایران میں پیش آنے والے اس واقعے کی ایک ویڈیوفوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ایک گاڑی کو آگ کی لپیٹ میں دیکھا جاسکتا ہے جب کہ اس کے اندر جل ہوئی سواریاں بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ایرانی پولیس کی فائرنگ کا نتیجہ ہے ۔ایران میں انسانی حقوق کے ایک صارف نے ٹویٹر اکائونٹ پر لکھا کہ افغان مہاجرین کی گاڑی کو حاثہ ایرانی پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں پیش آیا۔ گاڑی میں 16 افغان مہاجرین سوار تھے ۔