لاہور(رانا محمد عظیم)ٹورنٹو میں غائب ہونیوالی پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس فریحہ مختار کے حوالے سے کئی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق فریحہ کے غائب ہونے میں باقاعدہ ایک گروہ کی منصوبہ بندی ہے جو پی آئی اے کے اندر ان افراد پر مشتمل ہے جو بھاری رقم لیکر ایئر ہوسٹس کی انکی من پسند فلائٹس پر ڈیوٹیاں لگاتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اعلیٰ افسران نے بیس انچارج لاہور2نجمہ کو ہدایت کی تھی کہ فریحہ کی ڈیوٹی کسی بھی صورت کسی بین الاقوامی پرواز پر نہیں لگانی جبکہ کوئی بھی ڈیوٹی لگانے سے پہلے ذمہ داران کو مطلع کرنا ہے کیونکہ جعلی ڈگری کیس میں بھی اس کیخلاف فیصلہ ہونے والا تھا، اسکے علاوہ جو دیگر انکوائریاں چل رہی تھیں ان میں بھی اسکے سمیت گروہ کے دیگر افراد پکڑے جا سکتے تھے ۔ فریحہ نے مذکورہ گروہ کو کہا تھا کہ اگر میرے خلاف کوئی فیصلہ آیا تو میں باقی حقائق بھی بیان کر دونگی، مجھے مرضی کا ڈیوٹی روسٹر دیا جائے تاکہ میں غائب ہو جاؤں۔فریحہ کے ٹورنٹو جا کر غائب ہوجانے کے متعلق لاہور بیس میں موجودذمہ داران کو پہلے سے ہی علم تھا۔ فریحہ ٹورنٹو میں ڈیلٹا چیلسی ہوٹل سے ایک پاکستانی نژاد کیساتھ چلی گئی جو ٹورنٹو میں کاروبار کرتا ہے اور اس نے فریحہ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اسکی امیگریشن کرا دیگا ۔ذرائع کے مطابق فریحہ کینیڈا میں امیگریشن کی کوشش کریگی اور ناکامی کی صورت میں جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ بنا کر واپس آئیگی اور بہانہ کریگی کہ وہ کسی حادثے کا شکار یا بیمار ہو گئی تھی، اس لئے وہ عملے کیساتھ واپس آ سکی نہ اطلاع کر سکی۔باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں لاہور اور کراچی سے تعلق رکھنے والے تین افسروں کیخلاف خفیہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے جبکہ فریحہ کی روسٹر سے ہٹ کر ڈیوٹی لگانے پر ذمہ داروں کیخلاف ایکشن لینے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے ۔