اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)عوام کو منافع کا لالچ دیکر رقم بٹورنے والی کمپنیوں کے خلاف ایس ای سی پی نے کریک ڈاون شروع کر دیا،6کمپنیوں کو بند کر دیا گیا،تفصیلات کے مطابق سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ( ایس ای سی پی) نے عوام الناس کے مفادات کے تحفظ کے لئے پیش نظر ، ملک بھر میں غیر قانونی طور پر عوام سے سرمایہ کاری کے نام پر فنڈز اکٹھا کرنے اور بلا لائسنس الیکٹرانک و دیگر اشیاء کی لیزنگ کا کاروبار کرنے والی انٹر پرائزیز اور کمپنیوں کے خلاف ملک گیر آپریشن شروع کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ایس ای سی پی نے مزید 6کمپنیوں کو بند کرنے کے لئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔ ان کمپنیوں میں میسرز میمون کارپوریشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ ،میسرز پاک میموں امپیکس (پرائیویٹ) لمیٹڈ ، میسرز نعمت اﷲ اینڈ امجد جاوید اور کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ ،میسرز کارپوریٹ آٹو موبائلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اورمیسرز بیسٹ ڈے انوویٹو سلوشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ شامل ہیں۔ یہ کمپنیاں ایس ای سی پی سے پیشگی لائسنس حاصل کئے بغیر،گاڑیوں ،جائیداد وں،گھریلو سامان وغیرہ کی لیزنگ /فنانسنگ وغیرہ غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں میں ملوث پائی گئیں ۔ اس کے علاوہ یہ کمپنیاں صارفین کو سرمایہ کاری پرپر کشش اور غیر حقیقی منافع کا لالچ دے کر معصوم لوگوں سے رقم بٹور رہی ہیں ۔ اس کے علاوہ ازیں ، ایس ای سی پی نے فیکٹ فائینڈرز( پرائیویٹ) لمیٹڈ کے نام سے قائم کمپنی کے خلاف بھی اسی طرح کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔یہ کمپنی مبینہ طورپر ایسی ممنوعہ کاروباری سرگرمیوں میں ملوث ہے جو کہ قانون کا نفاذ کرنے والی صرف مجاز ایجنسیاں ہی سرانجام دے سکتی ہیں۔یہ کمپنیاں کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت تشکیل دی گئی تھیں ،لیکن یہ کمپنیاں قانون کے برخلاف ممنوعہ کاروباری سرگرمیاں سرانجام دے رہی ہیں جو کہ ان کمپنیوں کے رجسٹرڈ میمورنڈم آف ایسوسی ایشن سے بھی مطابقت نہیں رکھتی ۔