لاہور( کامرس رپورٹر) ایس این جی پی ایل پشاوراور لاہور ریجن کی ٹاسک فورس ٹیموں کی جانب سے پشاورشہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں گیس چوری اورغیر قانونی استعمال کیخلاف بڑے پیمانے پر کاروئیاں کی گئیں۔ ٹاسک فورس ٹیموں نے پشاورشہر سمیت مضافاتی علاقوں بزید کھیل، مسیزئی، لرامہ، چارسدہ روڈ، جمرود روڈ، جی ٹی روڈ اوراس کے علاوہ کرک اور بنوں کے مضافاتی علاقوں میں گیس چوروں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا گیا۔ سوئی ناردرن نے پشاور، بنوں اورکرک شہرسمیت ان کے مضافاتی علاقوں میں287 غیرقانونی گیس کنکشن منقطع کیے ۔ 107مشتبہ گھریلو اورکمرشل گیس کنکشنز کو تبدیل کیا گیا189گھریلو گیس صارفین کو گیس چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ گیس چوری میں ملوث افراد کیخلاف دو ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہیں جبکہ مزید 1ایف آئی آرکے اندراج کیلئے درخواست جمع کروائی گئی ہے ۔ دوسری جانب ذرائع کی اطلاع پر ایک ہزارفٹ غیرقانونی لائن کو شاہ نوازٹاؤن پشاورمیں ختم کیا گیا۔ اس کے علاوہ لاہورریجن میں یو ایف جی سی نے حسن ٹاؤن ملتان روڈ پر کامیاب کاروائی کے دوران کمرشل میٹرکی سروس لائن کو بائی پاس کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر گیس چوری پکڑلی جہاں گیس کو تندوراورہوٹل میں تجارتی مقاصد کیلئے غیر قانونی طورپر استعمال کیا جارہاتھا۔ ٹیموں نے موقع پر کنکشن منقطع کردیے اور مزید کاروائی کیلئے متعلقہ تھانے میں درخواست جمع کروادی گئی ۔