فیصل آباد،جڑانوالہ(سپیشل رپورٹر، تحصیل رپورٹر) ممبر صوبائی اسمبلی شعیب ادریس کے حامیوں نے ایس پی جڑانوالہ کے دفتر میں مخالفین سے تلخ کلامی پر فائر نگ کردی،دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں دو بھائیوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ہیں ،پولیس اہلکاروں نے لیٹ کر جانیں بچائیں ، پولیس نے 7افراد کو گرفتار کرلیا۔مسلم لیگ ن کے رہنما رانا عرفا ن امین کی گاڑی پر فائرنگ کے سلسلہ میں ڈی ایس پی کھرڑیانوالہ نے دونوں پارٹیوں کو ایس پی جڑانوالہ کے دفتر طلب کر رکھا تھا،ایس پی شہباز الٰہی ، اے ایس پی ابریز عباسی کے دفتر کے سامنے پیشی پر آئے رانا شعیب ادریس ایم پی اے گروپ اور کونسلر عرفان امین گروپ کے مابین جھگڑا ہو گیا جس پر فریقین کے طرف سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا،فائرنگ کی زد میں آکر رانا شعیب ادریس کے 2کزن سگے بھائی عادل ، فیصل جبکہ رانا عرفان گروپ کا تنویر زخمی ہوگیا، موقع پر پولیس اہلکاروں نے لیٹ کر جان بچائی، ڈی ایس پی کھرڑیانوالہ خالد محمودنے 7افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا، گزشتہ روز کونسلر رانا عرفان امین نے کھرڑیانوالہ پولیس کو درخواست دی تھی کہ عادل ، فیصل وغیرہ نے اس کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی ، ڈ ی ایس پی کھرڑیانوالہ نے دونوں پارٹیوں کو بلایا ہوا تھا ۔راناشعیب ادریس اور راناعرفان منیر کے درمیان اس سے قبل بھی تلخ کلامی کے واقعات ہوتے رہے ہیں۔