اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور نے کہا ہے کہ ایشین گیمز کے لئے قومی ٹیم کا مضبوط دستہ تیار کیا جائے گا۔ میڈیا سے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز 18 اگست سے انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں شروع ہونگے جس میں پاکستان سمیت 13 مممالک کی ٹیمیں قسمت آزمائی کریں گی، جن میں افغانستان، بنگلہ دیش، تائیوان، بھارت، میزبان انڈونیشیا، ایران، عراق، جاپان، ملائیشیا، نیپال، کوریا اور سری لنکا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ایونٹ کی تیاری کے سلسلہ میں تربیتی کیمپ جاری ہیں۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں جاری ہے جس میں 25 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں ان کھلاڑیوں کو کوچز نبیل احمد رانا، گل بادشاہ اور عدنان افضل تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کھلاڑی تربیتی کیمپ میں بھر پور محنت کر رہے ہیں اور امید ہے کہ قومی ٹیم ایشین گیمز میں شاندار کارگردگی مظاہرہ کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں رانا سرور نے کہا کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ، پاکستان کبڈی فیڈریشن اس ٹیلنٹ کو بروائے کار لانے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔ جونیئر کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں تربیت دی جاتی ہے ۔