اسلام آباد،پیرس (وقائع نگار،92نیوز رپورٹ) ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں رکن ممالک نے پاکستان کی کارکردگی کوقابل ستائش قرار د یدیا ، جس کے بعد پاکستان پر بلیک لسٹ کے تمام خدشات دور ہوگئے ۔پیرس میں ایف اے ٹی ایف کا اجلاس جاری ہے جہاں بھارت پاکستان کیخلاف لابنگ کررہا ہے جبکہ پاکستان کوبلیک لسٹ سے بچنے کیلئے مطلوبہ حمایت حاصل ہے ۔گرے لسٹ سے متعلق پاکستان کیلئے فی الحال ووٹنگ نہیں ہوگی، ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ 2سال میں ختم ہوتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کو 27اہداف پر اکتوبر 2020ئتک عملدرآمد کرناہے ، پاکستان نے 27میں سے 14اہداف پرواضح پیشرفت کی، نیکٹا اور صوبائی سطح پرفلاحی تنظیموں کی جانچ پڑتال مکمل کی جائیگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف ارکان سٹیٹ بینک،ایس ای سی پی،ایف بی آر ،ایف ایم یوسے خوش ہیں اور نیکٹا کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ پاکستان نے ڈالرکی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے مناسب قانونی سازی کی۔ پاکستان کو ترکی، چین اورملائیشیاسمیت دوست ممالک کی حمایت حاصل ہیں ۔ سنگاپور، ہالینڈ، ہانگ کانگ، کینیڈا ،امریکہ نے پاکستانی اقدامات کی تعریف کی جبکہ فرانس، جاپان،سعودی عرب، برطانیہ نے پاکستان کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔ پاکستان بیشترسفارشات پرعملدرآمدمکمل کرچکاہے ، 27 اہداف کے حصول پرکوششیں جاری رکھے گا۔ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف پاکستان کو مزید وقت دینے کیلئے تیار ہو گیاہے ،پیرس میں ہونے والے اہم اجلاس میں وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کی سربراہی میں پاکستانی ٹیم موجود تھی۔ ایف اے ٹی ایف نے اثاثوں کی خرید و فروخت کے ذریعے منی لانڈرنگ کے خلاف نئی قانون سازی، ٹریکنگ اور پراسیکیوشن کے نئے معاون ڈھانچے کی تشکیل کو بھی کلیئر کر دیا،مشکوک ترسیلات اور منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات بھی تسلیم کر لیے ، ایف اے ٹی ایف نے تخریبی قوتوں کیخلاف بڑے اقدامات کی شرائط پر عملدرآمد میں پیشرفت مثبت قرار دے دی، ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف کا ایک اور مطالبہ پورا کرنے کیلئے پاکستان کسٹم کو نئے اختیارات ملنے کی توقع ہے ، 450 کلومیٹر کی سمندری حدود میں بغیر اجازت داخل ہونے پر فائرنگ کا اختیار مل جائیگا، فضائی حدود میں بغیر اجازت داخلے یا رکنے پر بھی اس اختیار کو استعمال کیا جا سکے گا، یہ اختیارات صرف مسلح افواج کے ذریعے استعمال ہو سکیں گے ۔ذرائع کے مطابق حکومت کی فیڈرل ایکسائز حکام کو بھی اسی طرح کے اختیار دینے کی تجویز سامنے آگئی ہے ،گاڑی کے ذریعے سمگلنگ پر مزاحمت کی صورت میں فائرنگ کی اجازت ہو گی،سمگلنگ کے شبے کی صورت میں گھر، دفتر یا گاڑی کے دروازے توڑ کر تلاشی لی جا سکے گی۔