اسلام آباد(92 نیوزرپورٹ )فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کی کارکردگی کے حوالے سے پیرس اجلاس کی رپورٹ جاری کردی، ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو 10 اقدامات اٹھانے کی تجویز دیدی ،دو مختلف اقسام کے 1273 اور 1367 مشکوک افراد کیخلاف اقدامات کرنا ہوں گے ،تخریب کار قوتوں کے خلاف ایکشن لینا ہوگا اور ان کیخلاف لیے گئے ایکشن کی فعالیت ثابت کرنا ہو گی۔ایف اے ٹی ایف نے مطالبہ کیا کہ مالیاتی اداروں کی جانب سے رقوم اور خدمات کی غیر قانونی ترسیل کیخلاف ایکشن ثابت کرنا ہونگے ،مشکوک بینک اور کوریئر کے ذریعے تخریبی کارروائیوں کی فنڈنگ کو روکنے کے اقدامات اٹھانا ہونگے ،مختلف ایجنسیوں اور صوبائی اداروں کے درمیان تخریب کار عناصر کیخلاف ایکشن میں ربط دکھانا ہوگا۔رپورٹ کے مطابق تخریب کاروں کے سہولت کاروں کیخلاف تکنیکی ایکشن بذریعہ عدالتی کارروائی منظّم بنانا ہوگا، ثابت کرنا ہوگا کہ تخریبی عناصر پر لگی پابندیوں کو عدالتوں کے ذریعے روکنے کا عمل موثر ہے ، تخریبی عناصر اور انکے سہولت کاروں کو ملنے والی رقوم اور اثاثوں کی تلاش کا عمل اور نتائج ثابت کرنا ہونگے ۔ادارہ جاتی عمل کے ذریعے تخریبی عناصر کو سزائیں دینا ثابت کرنا ہوگا،فہرست میں شامل تخریب کاروں کو ملنے والی سہولتوں اور معاونت کیخلاف موثر کارروائی کے ثبوت دینا ہونگے ۔