فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان سے مدارس سے متعلق کئے گئے قانونی اقدامات کی تفصیلات مانگی ہیں۔ جبکہ مزید 150سوالات کے جوابات بھی مانگ لئے ہیں۔ایف اے ٹی ایف کی تلوار پاکستان کے سر پر لٹک رہی ہے۔ حکومت پاکستان اپنے تئیں بڑے احسن اقدام اٹھا رہی ہے۔ جن سے ابھی تک ایف اے ٹی ایف حکام مطمئن نظر آتے ہیں۔ در حقیقت ماضی میں اس جانب توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث مسائل اس قدر گھمبیر ہو چکے ہیں کہ انہیں راتوں رات درست کرنا مشکل تر ہے۔ حکومت نے منی لانڈرنگ کے خلاف اس قدر سخت اقدامات کئے ہیں کہ اب عام آدمی کو قانونی طریقے سے لین دین میں بھی کئی سوالات کے جوابات دینے پڑتے ہیں۔ کالعدم تنظیموں کے خلاف پابندی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کچھ کالعدم جماعتوں نے عدالت سے اجازت طلب کر کے بنک اکائونٹ کھلوایا ہے۔ جس کی دنیا بھر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحسین کی ہے۔ رہی بات مدارس عربیہ کے متعلق قانونی اقدامات کرنے کی تو اب تک حکومت کئی ایسے مدارس کے اکائونٹ بند کر چکی ہے جن کے کاغذات مکمل نہیں تھے۔ اب مدارس نے بھی قانونی تقاضے پورے کر کے اکائونٹس لکھوانا شروع کر دیے ہیں اس سے شفافیت قائم ہو گی اور مدارس عربیہ کے قومی دھارے میں آنے کی رکاوٹیں ختم ہو جائینگی۔ حکومت اگر اسی تسلسل کے ساتھ کام کرتی رہی تو ہم ایف اے ٹی ایف کی تمام شرائط پر پورا اترنا شروع ہو جائینگے۔