لاہور(نیوز رپورٹر) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے کینیڈین نژاد پاکستانی خاتون کی 23لاکھ روپے کی رقم ہڑپ کر نے والے انسانی سمگلر عتیق الرحمان کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے ۔ ملزم عتیق الرحمان کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ حج عمرہ کی آڑ میں شہریوں کے ساتھ فراڈ کرتا تھا۔ علاوہ ازیں انسانی سمگلنگ کے الزام میں بھی اس کے خلاف شکایات موصول ہوئی تھیں ۔ کینیڈین نژاد پاکستانی خاتون روبینہ کوثر نے ڈائریکٹر ایف آئی اے وقار عباسی کو درخواست دی کہ حج کے لئے اس نے عتیق الرحمن نامی شہری کو 23لاکھ روپے دیے جس میں اس کے دو بیٹوں نے بھی حج کے لئے جانا تھا۔ بعد ازاں پتہ چلا کہ مذکورہ شہری بدنام زمانہ انسانی سمگلر ہے اور وہ رقم لے کر رفو چکر ہو گیا، ملزم کے قبضہ سے 23لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کر لی گئی ۔