لاہور(نمائندہ خصوصی سے )صوبائی وزیر انسانی حقو ق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں لانس نائیک زاہد اور 5 نہتے شہریوں کی شہادت سے ہماری پاک فوج کے جوان اور عوام کا حوصلہ کبھی بھی پست نہیں ہو سکتا اور پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجیوں کو جہنم پہنچانے کے ساتھ دشمن کی متعدد چوکیاں بھی تباہ کرنا ایک واضح جواب ہے کہ ہماری فوج اپنی عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے تمام حدوں کو پار کر سکتی ہے ۔ بھارتی فوج کی جانب سے جوڑا،شاہ کوٹ اورنوسیری سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے بیان کی حمایت کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کے مبصر اور میڈیا نمائندگان ایل او سی کا دورہ کریں اور حقیقت کو اپنی آنکھوں کے ساتھ دیکھے کہ کیسے مظلوم نہتے شہریوں کو بھارتی فوج کی جانب سے نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونیوالے جوانوں اور شہریوں کی جلد صحتیابی کی دعاء کی ہے اور جام شہادت نوش کرنے والے شہریوں اور فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں ایسے ہی شہداء کی عظیم جانوں کے نذرانوں کے باعث ہی آج وطن عزیز میں تمام پاکستانی عوام آزاد فضاؤں میں سانس لے رہی ہے اور ملک بھر میں امن قائم ہو رہا ہے ۔