لاہور (کامرس رپورٹر) ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ ہندوستانی فوج لائن آف کنٹرول پر مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہی ہے جو علاقائی تجارت اور معاشی خوشحالی کے لئے سنگین خطرہ ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ و جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی پر سنجیدہ توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے ساتھ ساتھ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنا اور صورتحال کو خراب کرنابین الاقوامی قوانین کی بے حد خلاف ورزی ہے اور یہ دوطرفہ تجارت اور علاقائی امن کے لئے خطرہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں نے ملک میں صورتحال کو مستحکم کردیا ہے ۔میاں انجم نثار نے سٹاک ایکسچینج پر عسکریت پسندوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پولیس نے چند ہی منٹوں میں حملہ ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب خطے میں امن ہوگا تو معاشرتی معاشی ترقی اور خوشحالی خود بخود آجائے گی۔