لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر سے کچرا صاف کرنے کیلئے عملی طور پر اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اس سلسلے میں ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے مشن کلین کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔مشن کلین لاہور کے حوالے سے ادارے کی 3 سو سے زائد مشینری کے ساتھ اضافی مشینری بھی فیلڈ میں متحرک کر دی گئی ہے ۔ اضافی مشینری میں 57 ڈمپرز، 28ایکسکویٹرز، 66 ٹرالیاں اور 17 لوڈرز شامل ہیں جو شہر میں معمول کی آپریشن کے ساتھ بیک لاگ کو بھی ترجیحی بنیادوں پر کلئیر کرنے کیلئے مصروف عمل ہیں جبکہ ادارے کے تمام افسران اور14 ہزار سے زائد ورکرز شہر میں صفائی آپریشن کو کامیاب بنانے کیلئے ڈیوٹی پر مامور ہیں۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی عمران علی سلطان کا کہنا تھا کہ لاہور شہر کی صفائی ادارے کی ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے اس مقصد کے پیشِ نظر ادارے کی جانب سے تمام وسائل کو بروئے کار لاکرمشن کلین لاہور کا آغاز کردیاگیا ہے ۔ادارہ لاہور شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کیلئے پرُعزم ہے ۔ مزید برآں مشن کلین لاہور کے حوالے سے انہوں نے بتایا ہنگامی بنیادوں پر معمول کے آپریشن کے ساتھ رواں ہفتے کے اختتام تک تمام بیک لاگ کو بھی کلئیر کیا جائے گا۔ شہریوں کو کسی صورت مایوس نہیں کیا جائے گا اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھا یا جائے گا۔