اسلام آباد،لاہور (وقائع نگار،کامرس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا جبکہ حکومت نے اپریل کے ماہ کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقراررکھنے کااعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق اوگرا نے اپریل کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں 39 روپے فی کلو کمی کا اعلان کردیا جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 462 روپے کی کمی کی گئی ہے ۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اپریل کیلئے 11.8 کلو کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1067.39 روپے مقرر کی گئی ہے ، مارچ کیلئے 11.8 کلو گھریلو سلنڈر کی قیمت 153.17 روپے تھی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔ دوسری جانب پٹرولیم ڈویژن کے مطابق یکم اپریل سے پٹرول کی فی لٹرقیمت 96روپے 58پیسے برقراررہے گی،ڈیزل کی فی لٹرقیمت107روپے 25پیسے ،مٹی کے تیل کی قیمت77روپے 45پیسے ،لائٹ ڈیزل آئل کی فی لٹرقیمت62روپے 51 پیسے برقراررہے گی۔پٹرولیم مصنوعات کے بعد حکومت نے ایل این جی کی درآمد بھی محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا ، حکام پٹرولیم ڈویژن کے مطابق رواں ماہ ایل این جی کے 5 کی بجائے 3 جہاز آئیں گے ، صورتحال معمول پرآنے پر معاہدے کے مطابق ایل این جی منگوائیں گے ، طلب کم ہونے سے پاور سیکٹر نے بھی ایل این جی ڈیمانڈ کم کر دی۔حکام نے بتایاکہ مقامی صنعت کی ایل این جی کھپت 490 ایم ایم سی ایف ڈی ہے ، پٹرولیم مصنوعات کی کھپت پہلے ہی 45 فیصد تک کم ہو چکی ہے ۔