لاہور(اپنے رپورٹر سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور نادرا نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے ہیں۔ جس کے تحت ایل ڈی اے کو نادرا کے ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل ہو جائے گی اور پلاٹوں کی خریدو فروخت کے لئے آنے والی تمام درخواستوں پر عمل درآمد کے لئے فروخت کنندہ اور خریدار کے بائیو میٹرک (نشان انگوٹھا) کی تصدیق کر کے کسی فریق کے حقیقی اور اصلی ہونے کا تعین کیا جا سکے گا۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران اور گورننگ باڈی کے ممبر انجینئر عامر ریاض قریشی کی موجودگی میں ایل ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم اور نادراکے قائمقام ڈی جی پراجیکٹ وریام شفقت نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ۔اس موقع پر ڈی جی نادرا پنجاب لیفٹیننٹ کرنل(ر)سہیل محمود بھی موجود تھے ۔اس اقدام کے نتیجے میں فراڈ اور جعل سازی کی روک تھام اور شہریوں کی جائیدادوں کا بہتر تحفظ ممکن ہو گا۔ اس کے علاوہ قصور ‘شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں نادرا کے دفاتر میں ایل ڈی اے کے سہولت ڈیسک قائم کئے گئے ہیں۔ان اضلا ع کے رہائشی ایل ڈی اے سے متعلقہ اپنی درخواستیں نادرا کے دفاتر میں جمع کرواسکیں گے ۔