اسلام آباد،کراچی (وقائع نگار،92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز)عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے کورونا کے باعث خراب معیشت والے ممالک کیلئے 650 ارب ڈالرکی فنڈنگ کا اعلان کردیا جس میں سے پاکستان کو 2 ارب 80 کروڑ ڈالرملنے کا امکان ہے ۔ آئی ایم ایف اعلامیہ کے مطابق رکن ممالک کو کورونا کی وباپر قابو پانے کیلئے فنڈنگ میں اضافہ کیا گیا ہے ، وہ اس پیکیج سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔ ترقی پذیر اور غریب ممالک کو 275 ارب ڈالر فراہم کئے جائینگے ۔ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے فنڈنگ کی منظوری دی اور تمام ممبر ممالک کیلئے فنڈنگ 23 اگست سے دستیاب ہو سکے گی۔ذرائع وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کو اس پیکیج کے تحت 2 ارب 80 کروڑ ڈالرکی رقم اگست کے آخر تک ملنے کا امکان ہے ۔ آئی ایم ایف کے اضافی فنڈز سے پاکستان کے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 20 ارب ڈالرز کی تاریخی سطح تک پہنچ جائینگے ۔ دوسری طرف آئی ایم ایف نے منگل کوجاری اپنی رپورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی معاشی پالیسی کی کامیابی اور حکومت کے معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کا اعتراف کر لیااور 2021 میں پاکستانی کی جی ڈی پی گروتھ 3.9فیصد رہنے کی تصدیق کر دی۔ قبل ازیں سٹیٹ بینک آف پاکستان بھی ایسے ہی اعداد و شمار پیش کر چکا ہے ۔