پشاور(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام ہونے کے باعث 2 ارکان قومی اسمبلی کو بیرون ملک سفر کرنے سے روک کر گرفتار کرلیا، بعد ازاں شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما اور ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر اپنے چھ دیگر ساتھیوں کیساتھ پشاور کے باچاخان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی روانہ ہو رہے تھے ، تاہم روانگی سے قبل ایف آئی اے کے حکام نے دونوں کو بتایا کہ ان کے نام ای سی ایل میں شامل ہیں جس کے باعث وہ بیرون ملک سفر نہیں کرسکتے ۔ دونوں رہنماؤں کے پاسپورٹس قبضے میں لے لئے گئے اور انہیں ایف آئی اے حیات آباد سنٹر منتقل کردیا گیا، بعد ازاں دونوں رہنماؤں کو شخصی ضمانت پر چھوڑ دیا گیا۔ واضح رہے دونوں ایم این ایز کیخلاف ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر صوابی، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر شہروں میں مقدمات درج کئے جاچکے ہیں۔