لاہور(علی ارشد سے ) تاریخی ایم اے او کالج کے لیکچرار محمد افضل کی خودکشی کی تحقیقات منطقی انجام تک پہنچنے کے قریب آ گئیں۔ چار رکنی کمیٹی کی جانب سے ہونے والے طویل اجلاس کے نتیجے میں بڑے فیصلے سامنے آنے کا امکان ہے ، روزنامہ 92 نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ سماجی و کریمینل ایکٹ کی تشخیص میں مہارت کے حامل وائس چانسلر یونیورسٹی آف اوکاڑہ پروفیسر ڈاکٹر زکریاذاکر نے صبح 11 بجے شروع ہونے والے طویل اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے تمام سٹیک ہولڈرز کو سنا ، تحقیقاتی کمیٹی نے پرنسپل ایم اے او کالج ڈاکٹر فرحان عبادت،کالج انکوائری افسر ڈاکٹر عالیہ رحمان، طالبہ،مرحوم لیکچرار محمد افضل کے بھائی اور دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کو بھی انکے موقف کے ساتھ تفصیل سے سنا ، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کمیٹی نے واقعے سے متعلق کاغذی دستاویزات کو بھی مکمل طور پر دیکھا ، تحقیقات سات یوم سے قبل مکمل ہونے کا بھی امکان ہے ۔