پشاور(92نیوز)وفاقی وزیربرائے مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹرپیرنورالحق قادری نے کہاہے کہ کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کے دوران پی ڈی ایم جلسے کرکے عوام کی زندگی سے کھیل رہی ہے ، سخت لاک ڈاؤن کا مطالبہ اپوزیشن کا تھا جس کو اب خود پامال کررہے ہیں، عرب ممالک کی طرز پر اذان و نماز ایک وقت پر یقینی بنانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی۔ان خیالات کا اظہار پیر محمد نورالحق قادری نے پشاور میں کیب سروس کمپنی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اقلیتی رکنی قومی اسمبلی جمشید تھامس بھی اس موقع پر موجود تھے ، ڈاکٹر محمد نورالحق قادری نے کہا کہاپوزیشن کی تمام جماعتیں او ر انکے قائدین ہمارے لئے انتہائی قابل احترام لیکن پی ڈی ایم جو سیاست اور جو احتجاج کررہی ہے وہ قابل قبول نہیں ،احتجاج اور جلسے کسی طور پر بھی ملک اور قوم کی مفاد میں نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ ہم کاروبا ر دوست ماحول بنائیں اور جو لوگ یا کمپنیاں کام کرتی ہے انہیں ہر ممکن سہولتیں دے رہے ہیں اوراْنہیں ہر قسم کا تحفظ بھی دے رہے ہیں جو اپنی تجارتی سرگرمیاں بلاخوف وخطر جاری رکھ سکیں۔