اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک ،92 نیوزرپورٹ )حکومت نے بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کر نیوالے مجرموں کو نشان عبرت بنانے کیلئے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا ہے ،وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم عوام کی جا نوں سے کھیل ر ہی ہے ،زیادتی کے واقعات کی روک تھام یقینی بنا ئینگے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت قانونی ٹیم کا اجلاس ہوا ، فروغ نسیم،شیریں مزاری ودیگرمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی،اجلاس میں زیادتی کے واقعات کی روک تھام سے متعلق قانون سازی پر غور کیا گیا اور وزیراعظم کو قانون سازی میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی جبکہ زیادتی کے مجر موں کوسخت سزاکے طریقہ کار، گواہوں کے تحفظ کے طریقہ کارسے متعلق آگاہی دی گئی۔ وزیراعظم نے قانون سازی کیلئے مزیدوقت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ زیادتی کے واقعات کی روک تھام ہرصورت یقینی بنانی ہوگی، سنگین نوعیت کے معاملے پر ایک لمحے کی تاخیر بھی نقصان دہ ہے ، دن رات کام کریں لیکن معاملے کومنطقی انجام تک پہنچائیں اورفاسٹ ٹریک مقدمات کے ذریعے انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے ،انہوں نے زیادتی کے شکار بچوں کی شناخت چھپانے سمیت مستقبل محفوظ بنانے کا واضح پلان لانے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ یہ قانون ایسا ہونا چاہئے کہ متاثرہ خواتین یا بچے بلاخوف اپنی شکایات درج کرائیں ،قانون میں متاثرہ خواتین و بچوں کی شناخت کے تحفط کا خاص خیال رکھا جائے ، ہم نے اپنے معاشرے کو محفوظ ماحول دینا ہے ۔اس موقع پر وزیرِ قانون فروغ نسیم نے کہا کہ زیادتی کے مجرموں کو کم سے کم سزا سے لے کرسزائے موت بھی تجویز کی جائے گی ، اس آرڈیننس کا مسودہ آئندہ ہفتے کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گاجبکہ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم ایسے وقت میں جلسہ منعقد کررہی جب کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے ، پی ڈ ی ایم رہنما وہی ہیں جو پہلے سخت لاک ڈائون چاہتے تھے اور مجھ پر تنقید کرتے تھے ،اب وہی پی ڈی ایم رہنما لاپروائی کا مظاہرہ کررہے ہیں، پی ڈی ایم رہنما عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لوگوں کی صحت پر سیاست کر رہے ہیں۔ ایک اور ٹویٹ میں وزیراعظم نے کراچی میں شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کی تعمیر کے آغاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کینسر ہسپتال ملک کا سب سے بڑا مرکز شفا ہو گا۔ انہوں نے منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کی تصاویر شیئر کیں اور کہا کہ یہ دیکھ کر ان کا دل اس احساسِ عظیم سے سرشار ہے کہ یہ کینسر ہسپتال پاکستان کا سب سے بڑا مرکزِ شفا ہوگا جو طب و علاج کے جدید ترین سازوسامان سے آراستہ ہو گا۔