لاہور(جنرل رپورٹر) نجی سکولوں کی نمائندہ تنظیم آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے متنازعہ کتابوں پر پابندی عائد کرنے کی پاداش میں ایم ڈی پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کو عہدے سے ہٹانے کی مذمت کی ہے اور انہیں بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔تنظیم کے رہنما مرزا کاشف نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ نجی و عالمی پبلشرز کی نظریہ پاکستان کے بر خلاف100 کتابوں اور نجی سکولز میں پڑھائی جانے والے 31 پبلشرز کی کتابوں پر پابندی عائد کرنے کی پاداش میں ایم ڈی پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈرائے منظورحسین ناصر کو عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنانے کی مذمت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ منظور حسین ناصر کو عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بناناملک دشمن مافیااور نظریہ پاکستان مخالفین کی طاقت کا گھناؤنا ثبوت اور حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، انہیں عہدے پر فوری بحال کیا جائے ۔