لاہور(خصوصی نمائندہ) سربراہ تنظیم بحالی کمیٹی ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کو لفنگوں نے خراب کیا ہے اور ایم کیو ایم بھی لفنگوں، قبضہ گیروں کے ہاتھوں میں چلی گئی،آج وزیراعظم سمیت کوئی بھی وزیر اپنے حلقے سے الیکشن لڑ کر دیکھ لیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔لاہور ایئرپورٹ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت بالکل ٹھیک کہتے ہیں کہ نواز شریف کے علاج کے لیے بیرون ملک جانے میں رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہیے ، ان کے علاج کے لیے شرطیں یا حیل و حجت مناسب نہیں ۔مولانا فضل الرحمن کے مختلف شہروں میں جاری احتجاجی دھرنوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ مولانا کی اگلی نسل ہوائی جہاز کو بھی کہیں نہ کہیں روک لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میں پچھلی دفعہ لاہور آیا تھا تو جاتی عمرہ گیا تھا،مگر نواز شریف صاحب سے ملاقات نہیں ہوسکی تھی صرف شہباز شریف سے ملا تھا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال میں فضل الرحمن اور وزیراعظم دونوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان آگیا ، ڈالر مہنگا ہوتا جا رہا ہے ۔