کراچی (سپورٹس رپورٹر) اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو حیرت انگیز طور پر 84رنز سے شکست دے دی جبکہ ہانگ کانگ اور یو اے ای کی ٹیموں کے مابین میچ بارش کے باعث 31اوورز بعد ختم کر دیا گیا ۔نیشنل سٹیڈیم کراچی پر بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے 50اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر309رنز سکور کئے ، مصدق حسین نے ناقابل شکست 85، ذاکر حسین نے 69رنزسکور کئے ۔ خوشدل شاہ نے تین جبکہ محمد موسیٰ نے دو وکٹ لئے ۔جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 46.5اوورز میں 225رنز بناکر آؤٹ ہو گئی ۔خوشدل شاہ 61رنز سکور کر کے سر فہرست رہے ۔زیشان ملک 47،کپتان محمد رضوان نے 46رنز سکور کئے ۔ نعیم حسن نے تین جبکہ مصدق حسین اور شفیع الاسلام نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔دوسری جانب ساؤتھ اینڈ کلب کراچی پر ہانگ کانگ اور یو اے ای کا میچ بارش سے متاثر ہوا اور31اوورز کے کھیل کے بعد ختم کر دیا گیا ،ہانگ کانگ نے چار وکٹوں پر87رنز سکور کئے تھے ،بابر حیات47رنز پر کھے ل رہے تھے ۔دوسری جانب پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے میچ کے بعد کہا کہ ہم نے ہدف کو آسان لے لیا تھا ،بنگلہ دیش کے بالرز نے عمدہ بالنگ کی اور وکٹ سے بھر پور فائدہ اٹھایا ۔پاکستان نے شکست کے باوجود اپنے گروپ میں ٹاپ کیا اور سیمی فائنل میں بھی جگہ بنالی تھی ۔