لاہور(سپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو90رنزسے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی ۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 183 رنزبناکر آئوٹ ہوگئی۔ آلرائونڈر عماد بٹ 44 رنز بناکر نمایاں بیٹسمین رہے ۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 93 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد حسنین نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 19 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل بنگلہ دیش میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے مشکل کنڈیشنز کے باعث قومی ایمرجنگ ٹیم کے کپتان سعود شکیل سمیت ابتدائی 3 کھلاڑی محض 31 اسکور پر آوٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے ۔ روحیل نذیر اور سیف بدر کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 49 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ روحیل نذیر 37 اور سیف بدر 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ، جس کے بعد عماد بٹ اورخوشدل شاہ نے قدرے تیز کھیل کا مظاہرہ کیا۔ عماد بٹ نے 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 44رنز کی اننگز کھیلی۔ خوشدل شاہ کی 32 رنز پر مشتمل اننگز میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے ۔ قومی ایمرجنگ ٹیم 49.5 اوورز میں 183 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔سری لنکا کی جانب سے فرنینڈو نے 3وکٹیں حاصل کیں۔184 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن اپ محمد حسنین کی تیز رفتار باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور31ویں اوور میں محض93 رنز پر حریف ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔ محمد حسنین نے 19 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ عمر خان اور خوشدل شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔