کامونکے ، سادھوکے ، قائدآباد، موسی خیل ، سیالکوٹ (نامہ نگاران، ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ایمن آباد میں والد کی تیمارداری کیلئے میکے آئی خاتون کو بھاوج نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، پیر کی شام محلہ امام کوٹ فاروق آباد سے گلشن بی بی اپنے خاوند عامر کے ہمراہ کوٹ محمد حسین اپنے میکے میں والد محمد یوسف کی تیمارداری کیلئے آئی جہاں پر گلشن بی بی اور اُسکی بھاوج صبیحہ بی بی میں جھگڑا ہوگیا اور تلخ کلامی ہوگئی، اسی بناپر صبیحہ بی بی طیش میں آگئی اور کمرے میں پڑے ہوئے پستول سے اندھا دھند فائرنگ کرکے گلشن بی بی کو زخمی کیا جو ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی، پولیس مصروف تفتیش ہے ۔موسی خیل میں سسرال جانے کیلئے راضی نہ ہونے پر بھائی نے بہن کو قتل کردیا، ملزم بھائی کو اپنی مقتولہ بہن کے کردار پر بھی شک تھا، شادیہ شمالی کے ڈیرہ غلام مصطفی کے رہائشی غلام مصطفی جنجوعہ کی بہن منظوراں بی بی کی ڈیڑھ سال قبل شادی خالہ زاد وسیم اکرم سے ہوئی وہ 3ماہ سے روٹھ کر بھائی کے گھر مقیم تھی، گزشہ روز اس کے ماموں اسے منانے آئے تو اس نے جانے سے انکار کردیا پر غلام مصطفی نے اسے گولی مار کر قتل کردیا اور فرار ہوگیا،موسی خیل میں کھال میں بچوں کو نہانے سے روکنے پر ورثا نے کسان کو قتل کر دیا ، تھانہ صدر میانوالی میں نواحی علاقہ غیرت والا میں بچوں کوکھال میں نہانے سے منع کرنے پران کے ورثا رمضان ،آفتاب اور لیاقت نے طارق خان کا گلا پکڑ لیا، جاوید اقبال خان اپنے بہنوئی کو چھڑانے آیا تو آفتاب نے جاوید اقبال کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ بری طرح زخمی ہوگیا، اسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا، محمد طارق خان متوفی جاوید اقبال خان کا برادر نسبتی ہے ، ملزمان کی پہلے سے محمد طارق کے ساتھ رنجش چلی آرہی تھی ۔ قائدآباد میں بھائی نے ساتھیو ں سے ملکر بہن کے اغوا کے رنج پر فائرنگ کرکے بہنوئی کو قتل اور بہن سمیت 3 افراد کو گولیوں مار کر چھلنی کر دیا،ملزمان فرار ہوگئے ، تین مرلہ سکیم نمبر دو کے محمد نعیم نے فیصل کی بہن (س)کو اغوا کر کے شادی کر لی ، جس کی رنجش پر موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر آدھی والی نہر کے فیصل ،ریاض ،بلال نے مل کر نعیم کے گھر پر دستک دی اور نعیم نے دروازہ کھولا تو فیصل وغیرہ نے فائرنگ کر کے نعیم کو موت کے گھاٹ اتار دیا، فیصل کی بہن اور اس کے چچا بہادر خان، انور کو بھی زخمی کردیا، فیصل کی بہن کی حالت تشویشناک ہے جسے ٹی ایچ کیو ہسپتال قائد آباد ریفر کردیا گیا۔ سیالکوٹ میں شوہر نے بیوی کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا، تھانہ صد رراجہ ہرپال کے غلام جعفر کی بیوی گلشن بی بی نے اسے گھر سے بے دخل کرکے اس کے خلاف عدالت میں بچوں کے خرچہ کا دعویٰ کیا ہوا تھا، غلام جعفر گزشتہ روز پنے سسرال آیا اور جھگڑا شروع کردیا اور اپنی 36سالہ بیوی کو موت کے گھاٹ اتار کر فرار ہوگیا۔