اسلام آباد؍کراچی (خصوصی نیوز رپورٹر؍این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے مطابق ٹیکس ایمنسٹی سکیم کیلئے درخواست دینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ، اب تک 5 ہزار افراد نے اپلائی کر دیا۔ایف بی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 40 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز لازمی رجسٹرڈ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، سٹیٹ بینک اس حوالے سے ایک دو دن میں سرکلر جاری کرے گا،پرائز بانڈ رجسٹرڈ ہونے سے ایمنسٹی حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا،اس کے علاوہ مہنگی کاریں خریدنے اور فضائی سفر کرنے والوں کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا، بینک بھی 15 جون تک تمام ڈیٹا فراہم کر دیں گے جبکہ ہرشخص نادرا کے پاس موجود اپنا معاشی ڈیٹا 500 روپے دے کرحاصل کر سکتا ہے ، ایف بی آر کے پاس 40 لاکھ افراد کا ڈیٹا موجود ہے ۔