کراچی ( سٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار کیخلاف آمدن سے زائداثاثوں کے کیس میں نیب کو 28 نومبر تک ریفرنس دائر کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ پراسیکیوٹر نیب نے کہاضیاء الحسن لنجار کیخلاف انوسٹی گیشن مکمل کرکے ریفرنس منظوری کیلئے اسلام آباد بھیج دیا۔عدالت نے ضیا لنجار کی عبوری ضمانت میں بھی توسیع کردی۔ سندھ ہائی کورٹ نے این آئی سی ایل سکینڈل میں نامزد ملزمان کی سزا کے خلاف اپیل منظور کرکے احتساب عدالت کا 8 دسمبر 2018 کافیصلہ کالعدم قرار دے دیا، عدالت نے شک کا فائدہ دیتے ہوئے تمام ملزمان کو بری کرنے کا حکم دیا ۔سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عمر سیال نے 17 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ سزا کے خلاف اپیل کرنے والے ملزمان میں سابق چئیرمین این آئی سی ایل ایاز خان نیازی ،ہور رہائی گردیزی،امین قاسم دادا،محمد ظہور اور عامرحسین شامل ہیں، عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا زمین کی قیمت کا تعین کرنے والی رپورٹ اور گواہوں کے بیان میں تضاد ہے فرد جرم میں ملزمان پر جو الزامات عائد کئے گئے وہ مطلوبہ معیار کے مطابق ثابت نہیں کئے جاسکے ۔ سپریم کورٹ نے اختیارات کے ناجائز استعمال کا جو معیار مقرر کیا اسے بھی پورا نہیں کیا گیا، ریفرنس کے شواہد بھی قانون کے مطابق پیش نہیں کئے گئے جبکہ تفتیش میں سنگین خامیاں پائی گئیں۔