لاہور(سٹاف رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے )این اے 129میں ووٹرز کا جوش و جذبہ عروج پر رہا شہری 8بجے ہی پولنگ سٹیشنز پہنچنا شروع ہوگئے اور ان کی لمبی قطاریں لگ گئیں تاہم کئی پولنگ سٹیشنز پر عملہ تاخیر سے پہنچنے اور دیگر وجوہات کی بنا پر پولنگ کا عمل تاخیرسے شروع ہوا جس سے ووٹر ز کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑا دوپہر کے وقت حبس کے باعث اور اس کے بعد ہونے والی بارش کے باعث ووٹر ز ٹرن میں واضح کمی آئی تاہم بارش کے تھم جانے اور اس کے بعد چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو خوشگوار کردیا اور سہ پہر کے وقت ووٹرٹرن آؤ ٹ میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا ۔پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے کیمپوں پر ووٹرزکا بھر پور رش رہا تاہم پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے کیمپ صرف کچھ علاقوں تک ہی محدود رہے اور پورے حلقے میں اپنے الیکشن کیمپ ہی نہ لگا سکے ۔پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے کیمپوں میں بھر پور رش رہا کارکن ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی بھی کرتے رہے جبکہ بعض جگہوں پر کشیدگی کی صورتحال بھی سامنے آئی ۔