دکی،لاہور،اسلام آباد( آن لائن،این این آئی)حلقہ پی بی 5 کے تمام اور حلقہ این اے 258 کے 23 پولنگ اسٹیشنوں پر آج انتخابات ہونگے ۔ پولنگ کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔حلقے میں کل رجسٹر ووٹوں کی تعداد 52579 ہے جن میں مرد ووٹروں کی تعداد 30034 جبکہ خواتین کی 22545 ہے ۔ بیلٹ باکس،بیلٹ پیپر اور دیگر انتخابی مواد ایف سی کی سخت سکیورٹی میں پولنگ سٹیشنز پر پہنچا دیاگیا ہے ۔پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہیگی ۔انتخابات کی کوریج کیلئے میڈیا اور انتخابی مبصرین کو خصوصی پاسز جاری کئے گئے ہیں۔ ادھرپی پی 168 میں تحریک انصاف کے رہنما اسد کھوکھر سمیت 17 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلئے گئے ہیں جبکہ دیگر8امیدواروں کو ریٹرننگ افسر نے کل کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے طلب کررکھا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 168 لاہور 15 کے ضمنی انتخابات میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کیلئے انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم استعمال کرنے کے طریقہ کار کا اعلان کر دیا ہے ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی www۔overseasvoting۔gov۔pk پر اپنی ضروری معلومات بشمول نام، نائیکوپ نمبر، ای میل ایڈریس، رہائشی ملک کا نام اور موبائل نمبر وغیرہ درج کریں گے اور سکرین پر دی گئی ہدایات پر عمل کریں گے ۔