سرگودھا/اسلام آباد(خبرنگار) الیکشن کمیشن نے این اے 91 میں تحریک انصاف کے عامر سلطان چیمہ کا بطور ایم این اے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ ن لیگ کے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی کا ایم این اے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق این اے 91 کے 20 پولنگ سٹینشوں پر دوبارہ الیکشن کرایا گیا جس میں مسلم لیگ ن کے ذوالفقار بھٹی اور تحریک انصاف کے عامر سلطان چیمہ کے درمیان مقابلہ ہوا اورعامر سلطان چیمہ کامیاب ہو گئے ، الیکشن کمیشن نے عامر چیمہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔قبل ازیں گزشتہ روز سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دوبارہ انتخاب کیخلاف حکم امتناعی جاری کرنے اورمخالف فریق کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا مسترد کر دی ۔اپیل کی سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید کی سر براہی میں 3رکنی بینچ نے کی۔