اسلام آباد ،کراچی(لیڈی رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں )این سی او سی کے ماہرین کی خصوصی ٹیم نے کراچی کے مختلف ہسپتالوں کا دورہ کر کے اپنے تجربات شیئر کئے ۔ڈاکٹر فیصل سلطان کی قیادت میں ٹیم نے انڈس ہسپتال، جناح پوسٹ میڈیکل سینٹر کا دورہ کیا،ٹیم نے سول ہسپتال، لیاقت نیشنل ہسپتال، آغا خان ہسپتال کا دورہ کیا اور انتظامیہ سے اپنے تجربات شیئر کیے ۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے صوبائی قیادت سے بھی ملاقات کی جس میں کورونا کخلاف اقدامات، آئندہ لائحہ عمل پر بات چیت ہوئی، ڈاکٹر فیصل سلطان نے صوبائی قیادت کو کورونا سے نمٹنے کیلئے این سی او سی کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔قبل ازیں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور سمارٹ لاک ڈائون کی خلاف ورزیوں پر حکومتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔ ترجمان نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کے مطابق اجلاس میں صوبوں کی طرف سے ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹس بھی پیش کی گئیں ۔ این سی او سی نے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی کے حوالے سے پاک نگہبان کے نام سے ایپ بھی لانچ کردی اور ملک بھر کے 1110ہسپتالوں کو اس ایپ سے منسلک کردیاگیا ہے ۔ این سی او سی نے ریسورس مینجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس)کا اجرا بھی کر دیا ۔ آر ایم ایس کے ذریعے ملک بھر کے 15459ہسپتالوں کو منسلک کیا گیا ہے ۔